75واں یوم آزادی:پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزمیں پر وقار تقریب کا انعقاد

لاہور(زاھد انجم) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی سربراہی میں وطن عزیز کے 75ویں یوم آزادی کی خوشی میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں رنگ برنگی جھنڈیوں کے علاوہ سبز ہلالی پرچم بھی لہرائے گئے۔تقریب میں پروفیسر نگہت ہارون، ڈاکٹر سعد یعقوب قاضی، نرسنگ سپرٹینڈنٹ رضیہ شمیم،شگفتہ علی، شیریں چمن، سونیا کنول، ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس،مریض و لواحقین نے پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیر کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارکباد دی جبکہ پروفیسر خالد محمود نے زیر علاج مریضوں کو بھی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے انہیں قومی پرچم کے بیج لگائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر ای ڈی پی آئی این ایس اور نرسنگ سپرٹینڈنٹ رضیہ شمیم نے کہا کہ آزاد مملکت خداداد ایک بہت بڑی نعمت ہے، ہم خوش قسمت قوم ہیں کہ ہمارے آباؤاجداد اور اکابرین کی بیش بہا قربانیوں اور انتھک جدوجہد سے ہمیں ایک خوبصورت اور پیارا ملک ملا،ہمیں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر “پنز” نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی آزادی کے لئے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں ہیں اوریہ ملک آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں ہی حاصل کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لئے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا۔ پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا جشن جوش و جذبے سے مناتی ہیں،ہمیں آج یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب پاکستان کی سالمیت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اسی طرح 14 اگست کا دن تجدید عہد وفا کا دن بھی ہے جس روز ہمیں ایک آزاد وطن اسلامی جمہوریہ پاکستان ملا جو کہ اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے۔پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اس ملک کی ترقی، بقاء اور خوشحالی کے لئے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کواپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ وطن عزیز پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہداء کا لہو شامل ہے جس کے دفاع کیلئے ہم سب عسکری قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پاک فوج اور عوام مل کر اس کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔

نرسنگ سپرٹینڈنٹ رضیہ شمیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان مستقبل کے معمار ہیں اور آگے چل کر ان نوجوانوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھال کر وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کرکے باہمی روابط کو مضبوط بنائیں کیونکہ یوم آزادی ملکی استحکام، بقا اور باہمی یکجہتی کا درس دیتا ہے، باہمی اتحاد کی بدولت ہی ہم ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں،مہذب قومیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرتیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کا مقصد طلباء وطالبات کو باور کرانا ہے کہ کس طرح بزرگوں کی عظیم قربانیوں، قائداعظم اور ان کے ساتھیوں کی شبانہ روز محنت کے بعد اس ملک کا حصول ممکن ہوا۔اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور پاکستان کی75ویں سالگرہ کو یادگار دن قرار دیا۔