لاہور( ر پورٹنگ آن لائن) شوبز شخصیات نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 65کی جنگ میں اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت تھی اگر ہم متحد رہے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی،ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستانی قوم اور پاک افواج پوری طرح مستعد ہیں۔سینئر اداکار مصطفی قریشی،قوی خان، ندیم بیگ، سید نور، مسعود اختر، شبیر جان، شان، افضل خان، احمد سفیان،شاہدہ منی،راگنی،ماریہ واسطی،ثمینہ پیرزادہ، عارف لوہار، ملکو اور افتخار ٹھاکر نے اپنے بیانات میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان افواج پاکستان اور قوم کے جذبے اور بہادر ی کی یاد دلاتا ہے۔
افواج پاکستا ن اور قوم نے 56 سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم خاک ملا دئیے تھے، اس دن ہماری افواج نے جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔ شوبز شخصیات نے کہا کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری بہادر مسلح افواج کی جرات، عزم صمیم اور ایثار و قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔









