فوڈا تھارٹی

6کروڑ 52لاکھ 41ہزار 88لیٹر دودھ کی چیکنگ، 10لاکھ 15ہزار 820لیٹر ملاوٹی و ناقص دودھ تلف کیا گیا’ فوڈا تھارٹی

لاہو ر( رپورٹنگ آن لائن) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ کی چیکنگ کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ۔ ڈی جی فوڈا تھارٹی کی ہدایت پر ملاوٹی دودھ مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں داخل ہونے والی دودھ بردار گاڑیوں کی 6داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے دوران 6کروڑ 52لاکھ 41ہزار 88لیٹر دودھ کی چیکنگ، 10لاکھ 15ہزار 8سو 20لیٹر ملاوٹی و ناقص دودھ تلف کیا گیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ 42,660دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ، 5448گاڑیوں میں موجود ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کیا گیا، 3,262ملاوٹی و غیرمعیاری دودھ بردار گاڑیوں کے مالکان کو 35345000روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

گجومتہ اڈہ پلاٹ اور بابو صابو سے لاہور میں داخل ہونے والی گاڑیوں کوچیک کیاگیا۔راوی پل،سگیاں پل اورسندر ملتان روڈ پوائنٹ پر بھی دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی،جدید لیکٹو سکین مشینوں کی مدد سے موقع پر ٹیسٹ کے دوران پانی،پاڈر اور یوریا کی ملاوٹ پائی گئی۔ شہر بھر میں دودھ سپلائی کے لیے آنے والی گاڑیوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جاتی ہے، عوام تک پہنچنے والی خوراک کے معیار میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کا دودھ ضائع،گاڑی بند، بھاری جرمانہ اور مقدمہ درج جیسی سخت سزائیں دی جاتی ہیں، عوام، گھروں میں سپلائی ہونے والے دودھ کا پنجاب فوڈاتھارٹی لیبارٹری سے مفت ٹیسٹ بھی کروا سکتے ہیں،صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کا خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام اپنی شکایات کے اندراج کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔