جکارتہ(رپورٹنگ آن لائن)نامور عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر اور مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے59 برس کی عمر میں بنجی جمپنگ کرکے اپنے مداحوں کو ایک بار پھر حیران کردیا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں انڈونیشیا کے دورے پر ہیں جہاں وہ روایت سے ہٹ کر مختلف تجربات کرتے نظر آرہے ہیں جس میں خطرناک بنجی جمپنگ، کلف جمپنگ اور واٹر سلائیڈنگ وغیرہ شامل ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے دورہ انڈونیشیا کے دوران بنجی جمپنگ کا تجربہ کیا، انہوں نے بالی کے ساحل پر 430 فٹ کی بلندی سے بنجی جمپنگ کی۔انہوں نے اس تجربے کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکائونٹس پر شیئر کیا۔اس کے علاوہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بالی میں ہی کلف جمپنگ اور واٹر سلائیڈنگ کے بھی تجربات کیے اور خوب لطف اندوز ہوئے۔اس سے قبل انہوں نے گزشتہ سال یوگنڈا کے دورے پر 165 فٹ کی بلندی سے بنجی جمپنگ کی تھی۔








