جوڈیشل الاؤنس 4

50سالہ خاتون سے زیادتی کی کوشش کے مقدمے میں 20 سالہ نوجوان کی ضمانت منظور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ میں 50سالہ خاتون سے زیادتی کی کوشش کے مقدمے میں 20سالہ ملزم آفتاب کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد 1لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس محمد امجد رفیق نے سماعت کی جبکہ ملزم کی جانب سے میاں دائود ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ گوجرانوالہ پولیس نے دانستہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کیا تاکہ ملزم کو دبائو میں لایا جا سکے۔ دراصل معاملہ ایک گلی کی لڑائی کا تھا جسے پولیس نے زیادتی کی کوشش کا رنگ دے کر مقدمہ درج کر لیا۔وکیل صفائی نے کہا کہ پولیس کی ملی بھگت سے پنجاب میں خواتین سے زیادتی کے قانون کا غلط استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔قانونی اور سائنسی لحاظ سے یہ بات تسلیم نہیں کی جا سکتی کہ ایک 20سالہ نوجوان کسی 50سالہ خاتون کے گھر میں گھس کر زیادتی کی کوشش کرے گا۔

وکیل صفائی کے مطابق متاثرہ خاتون نے شریک ملزم کے حق میں پیسے لے کر بیان دیا اور یہی بیان ملزم کی ضمانت کے لئے کافی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے طے شدہ اصول کے مطابق شک کا فائدہ ضمانت کے مرحلے پر بھی مدنظر رکھا جا سکتا ہے۔پراسیکیوشن اورمدعیہ کی جانب سے ملزم کی درخواست ضمانت کی سخت مخالفت کی گئی تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کر لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں