محمد جاوید قصوری 41

3اپریل کو عوامی کمیٹیز کنونشن میں صوبے بھر سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے زیر اہتمام 3 اپریل کو منصورہ میں منعقد ہونے والے عوامی کمیٹیز کنونشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

عوامی کمیٹیز کنونشن میں صوبے بھر سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے ۔ جس کے پیش نظر انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف شعبہ جات کو ذمہ داریاں سونپی جا چکی ہیں۔ یہ کنونشن موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔کنونشن میں مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔کنونشن کا اختتامی خطاب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کریں گے، جس میں وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک اس وقت سنگین خطرات سے دوچار ہے ۔ امریکہ اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ آور ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم ممالک ، حکمران اور عوام دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں متحدہوں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، جس کے باعث عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔25کروڑ عوام مایوسی کے اندھیروں میں جا چکے ہیں ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔

حکمران اپنی عیاشیاں بند کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔ایک طرف پروٹوکول کے نام پر نئی گاڑیاں اور پرائیویٹ جیٹ خریدے جا رہے ہیں ،ہر سال اربوں روپوں کی مراعات کو سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب اس کا سارا بوجھ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر ڈال دیا گیا ہے ۔ جماعت ہی واحد قوت ہے جو دیانتدار قیادت اور واضح پالیسیوں کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عوامی کمیٹیز کنونشن کا مقصد نچلی سطح تک عوام کو منظم کرنا، ان کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ایک مضبوط عوامی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ ملک میں حقیقی تبدیلی کی راہ ہموار ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کنونشن میں کیے جانے والے فیصلے آئندہ سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی سمت کا تعین کریں گے، جو ملک کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ثابت ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں