لاہور، (زاہد انجم سے)پاکستان کی طبی تاریخ میں پہلی بار ایم بی بی ایس کے امتحان میں لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی) کے ڈاکٹر حافظ محمد ولید ملک نے 29گولڈ میڈلز حاصل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جو طویل عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ہونہار ڈاکٹر اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ڈاکٹر ولید ملک کی تصویر پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور ایل جی ایچ میں نمایاں طور پر آویزاں کی جائے گی تاکہ دیگر سٹوڈنٹس میں سبقت لے جانے کا جذبہ پیدا ہو اور وہ ذیادہ سے ذیادہ محنت کر کے امتیازی نمبروں کے ساتھ اپنی تعلیم میں کامیابیاں حاصل کرنے کی کاوش کریں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کے حصول کیلئے انتہائی محنت، شب و روز مطالعہ اور سنجیدہ رویہ کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ نصابی سرگرمیوں میں ذیادہ سے ذیادہ وقت لگا کر امتحانات میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن نا صرف دنیا میں نام اور عزت کمانے کا ذریعہ بلکہ ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت کر کے بھی اللہ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ امیرالدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس انتہائی خوش قسمت ہیں، انہیں پی جی ایم آئی میں ڈپلومہ و ڈگری کورسز کی تعلیم دینے والے سینئر اساتذہ میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈز طبلہ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔