بلاول بھٹو زر داری

27 اکتوبر 1947 انسانی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رہے گا،بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947انسانی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رہے گا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بھارتی مظالم کی مذمت اور اسے دنیا کے آگے بے نقاب کیا ہے، کرتے رہیں گے،مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کی ہے، کرتے رہیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بائیس کروڑ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا بیانیہ اٹل، جس کی محافظ پاکستانی عوام ہے،بھارتی ظلم و جبر نے تاریخ کے سیاہ ترین ادوار کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جنت النظیر وادی کو دنیا کے سب سے بڑے قیدخانے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گلی گلی میں قابض فوج نے عقوبت خانے بنا رکھے ہیں، کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ذرائع ابلاغ پر پابندی اور حریت پسند قیادت پابندِ سلاسل ہے،صرف گذشتہ تین دہائیوں کے دوران قابض فوج کے ہاتھوں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ انسانی حقوق کے ادارے بول رہے ہیں کہ 7 ہزار سے زائد کشمیری دوران حراست شہید کیئے گئے،مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری شتر مرغ بننے کی متحمل نہیں ہو سکتی، بھارتی مظالم کو روکنا ہوگا،عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں فاوَل پلے پر مودی کو ریڈ کارڈ دکھانا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام دیوانے کے خواب کے مترادف ہوگا۔بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی، قیادت کی تین نسلوں نے کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے،تاریخ گوہ ہے، کشمیر کا سب سے بڑا وکیل شہید بھٹو اور سب سے بڑی سفیر شہید محترمہ بینظیر بھٹو۔

انہوںنے کہاکہ قائدِ عوام نے کشمیر کیلئے ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا، میں اس پر قائم ہوں،پی پی پی قیادت نے کوئی ایسا فورم نہیں چھوڑا جہاں کشمیریوں کے لیئے آواز نہ اٹھائی ہو،۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کشمیر کی آزادی تک دنیا کا ضمیر جھنجوڑتے رہیں گے، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیاکہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق بلاتاخیر حل کرائے۔