محمد جاوید قصوری

26اپریل مکمل کو شٹر ڈاون ہڑتال،قوم اہل غزہ کے ساتھ کھڑ ی ہے ‘جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک کی تما م چھوٹی، بڑی تاجر تنظیموں نے 26 اپریل کو جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی جانب سے اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، غزہ کے معاملے پوری پاکستانی قوم یک زبان ہے.

جب تک نہتے مسلمانوں کا قتل عام بند، اسرائیلی مظالم کا سلسلہ ختم نہیں ہوتا اس وقت تک ہم اس ایشو کو زندہ رکھیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی ہورہی ہے اور اقوام متحدہ قراردادیں پاس کررہا ہے جب کہ اسرائیل حماس سے شکست کھا چکا، اب بچوں سے انتقام لے رہا ہے،اگر اسلامی ممالک نے جنگ بندی کے حوالے سے مشترکہ کوششیں نہ کیں تو حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔ جو مسلم حکمراں بزدلی دکھاتے ہیں کہ معیشت کمزور ہوجائے گی وہ اللہ کے ہاں کیا منہ دیکھائیں گے؟

وقت کا تقاضا ہے کہ اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کی جائے،غزہ میں نسل کشی امریکہ کی ایما پر ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی اہل غزہ کیلئے آواز اٹھا ئیں اور امریکہ، اسرائیل کی مذمت کریں۔ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور اس کا اعلان حکومتی سطح پر ہو۔ 7اکتوبر 2023کے بعد سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 61ہزار سے تجاوز کر چکی ہے .

جبکہ زخمیوں کی تعداد 1لاکھ13ہزار274ہوگئی ہے۔ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔اسرائیلی قابض فوج پناہ گزینوں کے کیمپس ، امدادی مراکز ، ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہی ہے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزیدکہا کہ26 اپریل کی ہڑتال کو کامیاب بنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے، قوم اپنا بھر پور کردار ادا کرے، مکمل یکسوئی کے ساتھ پوری دنیا میں یہ پیغام جانا چاہئے کہ پاکستانی قوم اپنے نہتے اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی اپنا قومی و دینی فریضہ ادا کرتی رہے گی ۔