بُک آف لوء 131

25ویں الحمراء تھیٹر فیسٹیول کا آغاز 22 جولائی کو “بُک آف لوء” سے ہو گا۔

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کی معروف تھیٹر کمپنی “ماس فاؤنڈیشن” کا غیر زبانی میوزیکل ڈرامہ “بُک آف لوء” 25ویں الحمراء تھیٹر میلے کے افتتاحی ڈرامے کے طور پر جمعۃ المبارک 22 جولائی کو شام ساڑھے چھ بجے شاہراہِ قائد اعظم پر الحمراء ہال نمبر 2 میں پیش کیا جائے گا۔

پاکستان میں پیش کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا واحد ڈرامہ ہے کیونکہ پاکستان میں تھیٹر کمپنیاں عام طور پر غیر زبانی پروڈکشن کی کوشش نہیں کرتیں۔ اِس ڈرامے کا تصور حسن رضا نے تخلیق کیا جبکہ ماس فاؤنڈیشن کے صدر عامر نواز اِس کے ہدایت کار ہیں۔

بُک آف لوء
“بُک آف لوء” ایک پانچ سالہ بچے علی کی کہانی ہے جو اچانک اپنے آپ کو ایک نو عمر لڑکے اور لڑکی کے خاکوں پر مبنی کتاب کے سامنے پاتا ہے۔ وہ اِس کتاب کے تصور کی تصویر کشی شروع کرتا ہے جس میں مختلف مناظر ایک پیارا پیارا رشتہ استوار کرتے ہیں جو لڑکی اور لڑکے دونوں کے درمیان بن رہا ہے۔ لڑکے نے لڑکی کو پروپوز کیا اور آخر کار اُن کی شادی ہو گئی لیکن وقت ہمیشہ سُہاگ رات سا نہیں رہتا اور وہ دونوں جلد ہی خود کو ایک دوسرے کے لیے غلط محسوس کرنے لگے۔ اس سے قبل کہ وہ اپنے رشتے کے بارے کسی نتیجے پر پہنچتے لڑکی حاملہ ہو گئی۔ اچانک وہی دیکھ بھال اور جذباتی مناظر پھر سامنے آتے ہیں۔ بچے کی پیدائش کے بعد وہ ایک بار پھر اپنی معمول کی زندگی میں مصروف ہو جاتے ہیں مگر محبت کے لمحات اُس کتاب میں کھو چکے ہیں۔ علی محبت کے اُن لمحات کی کھوج لگاتا ہے اور اچانک اُسے کتاب میں گُلاب کا ٹوٹا ہوا خُشک پھُول دکھائی دیتا ہے جو دراصل علی کے والد نے اپنی محبت کے ابتدائی دنوں میں علی کی ماں کو دیا تھا۔ يوں علی کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ کتاب دراصل اُس کے والدین کی محبت کی کہانی ہے۔ اُس کے والدین جب پریشانی اور غصے کے عالم میں کمرے میں داخل ہوتے ہیں تو علی اُنہیں ٹوٹا ہوا خُشک گُلاب دکھاتا ہے۔ یوں وہ اپنی محبت کی کہانی کو یاد کرتے ہیں اور اپنے رویے پر شرمندہ ہوتے ہیں۔ یہ میوزیکل اور جذبات سے بھرپور محبت کی کہانی خاص طور پر نو عمر اور نوجوان ناظرین کے لیے ہے۔

“بُک آف لوء” کے ہدایت کار عامر نواز نے بتایا کہ ماس فاؤنڈیشن نے سری لنکا میں منعقد ہونے والے آٹھویں کولمبو انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول اور 2019 ء میں لاہور میں منعقد ہونے والے دوسرے انٹرنیشنل تماشا فیسٹیول میں بھی یہی ڈرامہ پیش کیا۔ اِس ڈرامے نے ناظرین کو ہمیشہ جذباتی کیا اور وہ محبت کی کہانی میں کھو جانے کے بعد بھرپور داد دیتے رہے ۔ عامر نواز نے مزید کہا کہ ماس فاؤنڈیشن پاکستان کی واحد تھیٹر کمپنی ہے جس نے انگریزی ، اُردو اور پنجابی زبانوں کے علاوہ غیر زبانی ڈرامے بھی تشکیل دیئے۔

“بُک آف لوء” کا سیٹ عامر علی نے ڈیزائن کیا ، موسیقی عمران نواز نے تشکیل دی جبکہ گلشن مجید نے کوریوگرافر کے فرائض انجام دیے۔ ڈرامے کے فنکاروں میں ایشا شکیل، حسن رضا اور گلشن مجید شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں