محمد جاوید قصوری 35

23 مارچ عہد ساز دن، پاکستان میں عدل و انصاف اور مساوات قائم کرنا ہوگا ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 23 مارچ ”قرارداد پاکستان” ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں انصاف، مساوات اور عوامی فلاح کو اولین ترجیح حاصل ہومگر افسوس کہ آج کرپٹ اشرافیہ نے اس خواب کو پس پشت ڈال کر ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، ملک و قوم اس وقت سنگین مسائل کا شکار ہیں ، کرپٹ اور فارم 47کے ذریعے مسلط کردہ نا اہل ترین حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، امیر صوبہ نے حکومت کی جانب سے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی میں نمایاں اضافے اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ہائی آکٹین فیول پر لیوی کو 300 روپے فی لیٹر کرنا دراصل مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ حکومت اس فیصلے کے ذریعے اگرچہ 9 ارب روپے ماہانہ بچت کا دعویٰ کر رہی ہے، مگر اس کے اثرات بالواسطہ طور پر عام آدمی تک پہنچیں گے، کیونکہ مہنگی اشیاء کی ترسیل اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ رہی سہی کسر مٹی کے تیل کی قیمت میں حالیہ 70.73 روپے فی لیٹر اضافے نے پوری کر دی ہے ، صرف دو ہفتوں میں 120 روپے فی لیٹر اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ ملک کے غریب اور متوسط طبقے کی بڑی تعداد آج بھی مٹی کے تیل پر انحصار کرتی ہے، اور اس طرح کے اقدامات سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔

محمد جاوید قصوری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام کو کفایت شعاری کے نام پر قربانیاں دینے کا کہا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب حکمران خود عیش و عشرت میں مصروف ہیں۔ سرکاری سطح جہاز کے بعد اب لگژری گاڑیوں کو خریدا جا رہا ہے تاکہ افسران کو خوش رکھا جا سکے، جبکہ عام شہری مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ٹیکسوں میں کمی کرے، غیر ضروری اخراجات اور مراعات کو ختم کرے اور عوام کو سبسڈی فراہم کر کے حقیقی ریلیف دے۔ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں نے عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں اور معیشت کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں