برآمدات 83

2025،پاکستان کی چین کو برآمدات میں 2.84 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

بیجنگ(رپورٹنگ آن لائن) 2025 میں پاکستان کی چین کو برآمدات میں 1.07 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2024 میں 2.81 ارب ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 2.84 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی سے سی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق یہ معمولی اضافہ عالمی معاشی دباؤ کے باوجود دوطرفہ تجارت کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔گوادر پرو کے مطابق جی سی سی اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ سال کے دوسرے نصف میں برآمدات کی رفتار میں بہتری دیکھنے میں آئی۔ جنوری 2025 میں برآمدات 204.94 ملین ڈالر رہیں جبکہ فروری میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 238.94 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو فروری 2024 کے 167.44 ملین ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 43 فیصد زیادہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق سال کے اختتام پر برآمدات میں مضبوط تیزی دیکھی گئی۔ نومبر میں برآمدات 303.01 ملین ڈالر رہیں، جبکہ دسمبر میں یہ سال کی بلند ترین سطح 336.45 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

یہ اعداد و شمار زراعت اور معدنیات جیسے اہم شعبوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مسابقت کی عکاسی ہیں۔گوادر پرو کے مطابق اگرچہ زیادہ تر مہینوں میں بہتری رہی، تاہم اکتوبر 2025 میں معمولی کمی دیکھی گئی، جہاں برآمدات 273.13 ملین ڈالر رہیں، جبکہ اکتوبر 2024 میں یہ 281.33 ملین ڈالر تھیں۔ اس عارضی اتار چڑھاؤ کے باوجود مجموعی رجحان مثبت رہا۔رپورٹ کے مطابق 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 25.23 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو 2024 کے 23 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ سی پیک (سی پیک) فریم ورک کے تحت گہرے ہوتے ہوئے اقتصادی تعاون کی عکاسی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں