سیالکوٹ(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 2023پاکستان میں نوجوانوں کا سال ہوگا، گزشتہ روزوزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان ڈارنے کہا کہ کوشش ہے 12اگست 2022کو نوجوانوں کے عالمی دن کی میزبانی پاکستان کو ملے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت 18سے 45سال کے نوجوانوں کو قرضہ دیا جارہا ہے،
ماضی میں بینک بھی سفارش پر قرضہ دیتے تھے،معاون خصوصی نوجوانان نے کہا کہ اس سال ہم 50ارب کے قرضے دیں گے ، ان قرضوں سے 40سے 50ہزار نئے کاروبار شروع ہوں گے،عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے 2021میں 27ارب تقسیم کئے جبکہ اس سال ہمارا ہدف چار نئے پروگرامز کا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم اسپورٹس کی بحالی بھی کریں گے، گزشتہ حکومتوں میں تین چار دھائیوں میں اسپورٹس اور نوجوانوں کو نظرانداز کیا گیا، کامیاب جوان مراکز بنارہے ہیں جس سے 20لاکھ نوجوان فائدہ اٹھائیں گے۔