لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 2022 عمران خان کی نالائقی ، نااہلی اور لوٹ مار کے خاتمے کا سال ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سال 2022 کی آمد پر ملک و قوم کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشائ اللہ 2022 پاکستان اور عوام کے لیے دوبارہ سے خوشحالی اور اچھے دنوں کا سال ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2022 پاکستان میں انشاء اللہ ووٹ چوروں سے نجات اور آئین اور قانون کی بالادستی کا سال ہوگا، 2018 سے جو تباہی تبدیلی کے نام پہ ملک پر مسلط ہے، 2022 میں اس سے نجات ضرور ملے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ 2022 عمران مافیا سے نجات اور عوام کا ترقی اور روزگار کی بحالی کا سال ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2022 عوام کے آٹا، چینی، گھی، دوائی، بجلی گیس عمران مافیا اور کارٹلز سے چھٹکارے کا سال ہو گا، انشاءاللہ 2022 عوام کے چینی، آٹا، بجلی ،گیس ،روٹی ، دوائی اور پٹرول سستا ہونے کا سال ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ سال ?مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت اور معاشی تباہی میں کمی کا سال ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ?2022 ملک پہ مسلط نالائق ، نااہل کرپٹ عمران مافیا کارٹلز کے گھر جانے کا سال ہے۔