راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن )190 ملین پاﺅنڈ ریفرنس کی سماعت جمعہ کو احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی۔ بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ وکیل عثمان گل کی جانب سے بشری بی بی کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس میں سماعت بدھ تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ کیس کو جان بوجھ کر طول دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اب تک 35 سماعتیں ہوچکی ہیں کیس کے آخری گواہ پرجرح مکمل نہیں کی جا رہی ہے۔ بشری بی بی عدالت نہیں آسکتیں تو عثمان گل کو ہی اپنا پلیڈر مقرر دیں۔ بشری بی بی اگر عدالت نہیں آتیں تو ان کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی نے ابھی تک پلیڈر مقرر کیئے جانے سے متعلق ہدایات نہیں دی ہیں۔ عدالت نے 190 ملین پاﺅنڈ ریفرنس پر سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔