چیئرمین پی ٹی آئی

190 ملین پاؤنڈ مبینہ کرپشن اورتوشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ مبینہ کرپشن اورتوشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، عدالت نے استفسار کیاکہ خواجہ حارث صاحب کہاں ہیںجس پر سلمان صفدرایڈووکیٹ نے بتایاکہ میری معلومات کے مطابق خواجہ حارث سپریم کورٹ تھے اور سپریم کورٹ سے ہائیکورٹ جائیں گے، عدالت نے استفسار کیاکہ خواجہ حارث صاحب آئیں گے یا نہیں،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے خواجہ حارث ایڈووکیٹ کی آمد تک سماعت میں وقفہ کر دیا،

جس کے بعد سماعت شروع ہونے پر بیرسٹر گوہر علی خان عدالت پیش ہوئے اور بشری بی بی کی جانب سے استثنیٰ درخواست دیتے ہوئے عدالت کو بتایاکہ خواجہ حارث ایڈووکیٹ سپریم کورٹ مصروف ہیں اور اس کے بعد ہائیکورٹ جانا ہے، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہاکہ یہ ہر تاریخ میں یہی کہتے ہیں،

عبوری ضمانت کاکیس ہے، جج نے کہاکہ انہیں کل کی تاریخ دیدیں، اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ (آج) جمعرات کو ہائیکورٹ جانا ہے، سپریم کورٹ کی ڈائریکشن آگئی ہے، آگے چھٹیاں بھی ہیں، چھٹیوں کے بعد کی تاریخ دیدیں، عدالت نے بشری بی بی کی استثنیٰ درخواست منظور کرلی اور عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر حتمی دلائل ہوں گے، عدالت نے سماعت 31 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔