ملین پاﺅنڈز کیس 138

190 ملین پاﺅنڈز کیس کی سماعت ،نیب کے تفتیشی افسر پر پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن )راولپنڈی کی احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاﺅ نڈز کیس کی سماعت کے دوران پر نیب کے تفتیشی افسر پر پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی،دوران سماعت بشری بی بی نے شکایت کی کہ نیب کے سوال نامے کی تیاری سے متعلق ان کے کمرے سے کاغذات اٹھا لیے گئے ہیں جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ کو انہیں کاغذات واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ کیس کی مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ 190 ملین پانڈ ریفرنس پر سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہو سکی۔

اس موقع پر وکلا صفائی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ آج کی کاروائی کو ملتوی کردیا جائے کیونکہ عدالت نے نیب کی بورڈ میٹنگ سے متعلق جو ہماری درخواست خارج کی ہے اسکی مصدقہ نقول ہمیں فراہم نہیں کی گئیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہمارے متعدد کیسز بھی لگے ہوئے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے وکلا صفائی کو گزشتہ سماعت کے آرڈر کی مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

سماعت کے دوران بشری بی بی روسٹرم پر آگئیں، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں مجھے سوال نامہ دیا تھا لیکن جیل حکام میرے کمرے سے سارے کاغذات اٹھا کر لے گئے ہیں، میں نیب کے سوال نامے کا جواب تیار کر رہی تھی، نیب والے پھر کہتے ہیں یہ شامل تفتیش نہیں ہو رہے۔بعدازاں عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو نیب کے کاغذات بشری بی بی کو واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل 17اگست تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں