اسلام آباد ہائی کورٹ

190ملین پائونڈ کیس،سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت نیب کی استدعا پر ملتوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پائونڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی جبکہ قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ وہ کیس کی اگلی تاریخ حکم نامے میں دیں گے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔اس موقع پر اسپیشل پراسکیوٹر، عمران خان کی تینوں بہنیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر رہنما عدالت میں موجود تھے۔اسپیشل پراسکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پراسکیوٹر تعینات ہوا ہوں، مجھے ریکارڈ پڑھنے کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دیا جائے.

سلمان صفدر نے نیب پراسیکیوٹر کو وقت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر کو کتنا وقت لگے گا فیصلہ پڑھنے میں؟قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے بیرسٹر سلمان صفدر کو ہدایت کی کہ اپنے ساتھ آئے وکلا کو کہیں بیٹھ جائیں،آپ مجھ پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں، بعدازاں عدالت نے سزا معطلی کیس کی سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے کہ عمران خان اور بشری بی بی نے سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی استدعا کر رکھی ہے، 17 جنوری کو احتساب عدالت نے عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔