علی امین خان گنڈاپور

16 سال گزرنے کے باوجود متاثرہ عوام کے دلوں میں اپنے پیاروں کی یادیں اور غم آج بھی زندہ ہیں،علی امین خان گنڈاپور

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ 16 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود متاثرہ عوام کے دلوں میں اپنے پیاروں کی یادیں اور غم آج بھی زندہ ہیں، 2005 کے المناک زلزلے میں کشمیری عوام نے اپنی پوری ایک نسل کو کھو د یا ۔

وفاقی وزیر نے 8 اکتوبر 2005 کے المناک زلزلے کے 16 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں بلوچستان میں زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر بھی گہرے دکھ ورنج کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہا ہم نے اپنی نسلوں کو بڑھتی ہوئی قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے منظم منصوبہ بندی سے کام کرنا ہے، ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں پاکستان کو بے پناہ چیلینجز درپیش ہیں، وزیراعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلیاں سے مقابلہ کرنے کے لیے اپنا ایک وژن رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر سہرا جا رہا ہے، تعمیرات کے شعبے کی ترقی کو جغرافیائی خدوخال کے مطابق بنانا ہے، قدرتی آفات کو برداشت کرنے کے لیے تعمیراتی کوڈز اور قوانین کا سختی سے اطلاق ناگزیر ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر شعبے میں مافیاز کے خاتمے کی جنگ لڑ رہی ہے، حکومت شفاف طرز حکومت سے ہر شعبے میں معیار اور میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے۔