اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) آج سے 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کریگا۔وزارت قومی صحت (این ایچ ایس) کے ترجمان ساجد شاہ نے بتایا کہ 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو (آج)پیر سے ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ انہیں فائزر ویکسین لگائی جائیگی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی، اس عمر کے بچوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے حاصل کردہ ب فارم کے ہمراہ قریبی ویکسی نیشن سینٹرز جائیں۔ایک سوال کے جواب میں ساجد شاہ نے کہا کہ نوعمر بچے بھی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (سی این آئی سی) رکھنے والے افراد کی طرح نادرا کی ویب سائٹ سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔
انہوںنے کہاکہ فائزر ویکسین تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر دستیاب ہوگی ، ہم بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے تعلیمی اداروں میں ٹیمیں بھیجنے کا بھی انتظام کر رہے ہیں۔ساجد شاہ نے کہا کہ جلد از جلد زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ فیصلے کے نتیجے میں وہ تمام افراد جن کی عمر 15 سال سے زائد ہے وہ محفوظ ہوجائیں گے اور ان میں بیماری کی تشویش ناک صورتحال کے خطرات کم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو تجویز کرتے ہیں ویکسین لگوائیں تاکہ مختلف شعبے جو بندش کا شکار ہیں کھولے جاسکیں اور معیشت، وزیر اعظم عمران خان کے نظریے کے مطابق ترقی کر سکے۔