لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے یوم آزادی پر پاکستانی قوم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہماری ملی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جو ہمیں لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،یہ دن ہمیں پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار ریاست بنانے کا جذبہ و امنگ دیتا ہے، بطور قوم ہم عہد کریں کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے اپنا ہر ممکن کردار اداکریں گے ۔
اپنے بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ یوم آزادی کا دن تجدید عہد کا دن ہے ،ہمیں انفرادی اور اجتماعی طو رپر خو د سے عہد کرنا ہے کہ پاکستان کا اقوام عالم میںمہذب اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر نام بلند کرنے میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی پر وطن عزیزکے ان دلیر سپوتوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی۔آج کے دن ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ،بھارتی افواج نے کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کی تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ہم آج کے دن اس عزم کابھی اظہار کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔