لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے یوم شہدائے کشمیر پر اپنے بیان میں شہدائے کشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 جولائی 1931 کو 21کشمیریوں کو گولیاں برسا کر بے رحمی سے شہید کیاگیا اوردرجنوں کو زخمی کیاگیا ،سری نگر سینٹرل جیل کے صحن میں یہ قتل عام ہوا ، ان کشمیریوں کا جرم آزادی اور اسلام سے محبت تھی ۔
انہوں نے کہا کہ عبدالقدیر کی قرآن کے احترام اور عزت ، آزادی کے حق کے لئے اور جبر کی غلامی کے خلاف تقریر جرم قرار پائی ،اہل کشمیر کی حریت آزادی کا یہ سلسلہ اور قربانیاں آج بھی اسی جذبے سے جاری ہیں ،اہل کشمیر نسل درنسل اپنے حقوق اور آزادی کے لئے بے مثال صبرواستقلال اور بہادری سے آگے بڑھ رہے ہیں ،ہم شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یہ اہل کشمیر کی بہادری کی ناقابل فراموش داستان کا انمٹ باب ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام شہدائے کشمیر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرفروشی اور حق گوئی کی روایت جاری رکھے ہوئے ہیں ،ان شااللہ انگریز سامراج کی طرح بھارت کے غاصبانہ قبضے کو بھی ذلت آمیز شکست ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا ،اللہ تعالی شہدائے کشمیرکے درجات بلند کرے اورمقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔