اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بنگلا دیش کے 2روزہ سرکاری دورے پر ڈھاکا پہنچ گئے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ڈھاکا پہنچنے پر بنگلادیشی سفیر اسد سلم، سیکرٹری خارجہ، بنگلادیش میں پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر بنگلادیش کے دیگر سینئر عہدیدان بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ بنگلا دیشی حکومت کی دعوت پر کیاہے، ڈھاکا میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بنگلا دیشی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی۔اسحاق ڈار کی بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات ہو گی، وہ خارجہ امور کے ایڈوائزر محمد توحید حسین سے بھی ملیں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ 13برس بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بنگلا دیش ہے۔ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، علاقائی و عالمی امور بھی ملاقاتوں کے ایجنڈے میں شامل ہے۔









