کوہاٹ(رپورٹنگ آن لائن) سابق وزیر داخلہ شہریار آفریدی اورچیئرمین ڈیڈیک ایم پی اے شفیع جان نے کہا ہے کہ12 ارب روپے کی خطیر لاگت سے کوہاٹ شہر میں پینے کے صاف پانی اور قدرتی گیس کی فراہمی پرترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے جن کی تکمیل سے شہریوں کے فراہمی آب اور گیس کی فراہمی کے بنیادی مسائل حل ہو جائیں گے۔
انہوں نے تقریباًساڑھے چار ارب روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ کے تحت شہر میں ساڑھے تین کلومیٹر طویل پائپ لائن’ پانی کوذخیرہ کرنے کے لئے دس سے زائد بڑے اوور ہیڈ ریزروائرز’سولہ عدد ٹیوب ویلز کی تنصیب جبکہ 36 سے زائدنئے اور موجودہ ٹیوب و یلوں کو شمسی توانانی پر منتقل کرنے کے کام کی رفتارپر اطمینان کا اظہارکیا تاہم منصوبہ پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
ہفتہ کے روز ایم این اے شہریار آفریدی اور ایم پی اے شفیع جان کوہاٹ شہر میں زیر تعمیر گیس پائپ لائن ‘پینے کے پانی منصوبہ کی رفتار اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے کے لئے شہری علاقہ کا دورہ کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ بورڈ کے چیئرمین سعد’ٹی ایم او شعیب ‘ ایس این جی پی ایل’ محکمہ بلدیات’ متعلقہ محکمہ کے انجینئرز’ کنسلٹنٹ سٹاف اورکنسٹرکشن کمپنی (زیڈ کے بی )کے ڈی پی ایم نجیب الرحمن بھی موجودتھے۔
ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی کا کہناتھا کہ سات ارب روپے کی لاگت سے ڈیڑھ سو کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جس کی تکمیل سے گیس کی فراہمی کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ اس موقع پر تاجر برادری اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے شفیع جان کا کہناتھا کہ سٹریٹ جرائم پر قابو پانے کے لئے کوہاٹ شہر اور جدید بستی کوتل ٹاؤن شپ میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت چھ کروڑ روپے کی لاگت سے کیمرے نصب کئے جائیں گے.
جبکہ لیاقت میموریل ہسپتال کی دوبارہ تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے گیس اور واٹرسپلائی کے متعلقہ حکام کو ہدایت کردی کہ تین دنوں کے اندرشہر کی گلیوں سے ملبہ اٹھا کر ان کی بحالی کا کام بھی فی الفور شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے ۔