لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم نے پونے 11 کروڑ کے بوگس چیک کیس میں ملزم ملک خالد محمود کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو دو، دو لاکھ روپے کے دو مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق ملزم ملک خالد محمود کی طرف سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ برہان معظم ملک پیش عدالت میں پیش ہوئے اوردورانِ سماعت عدالت کو بتایا کہ تھانہ باغبانپورہ نے ملزم کیخلاف کاروباری لین دین میں چیک کا مقدمہ درج کیا۔ دونوں فریقین کے درمیان کاروباری لین دین تسلیم شدہ شواہد ہے ۔
وکیل ملزم برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان حساب کتاب کی مقدمہ بازی بھی سول عدالتوں میں زیرِسماعت ہے۔ قانون کے مطابق بوگس چیک کیس میں سزا 3 سال ہے اورجرم قابل ضمانت ہے۔ وکیلِ ملزم نے عدالت سے کہا کہ باغبانپورہ پولیس نے ملزم کو 5 ماہ سے گرفتار کر رکھا ہے۔ سپریم کورٹ کا کاروباری لین دین میں چیک کیس پر نیا فیصلہ آ گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے نئے فیصلے کے تحت کاروباری چیک کیس میں ملزم کو ضمانت پرلازمی رہا کیا جانا ہے۔ سماعت کے دوران پراسیکیوشن اورمدعی کے وکیل نے ملزم کی درخواستِ ضمانت کی مخالفت کی۔ وکیلِ مدعی نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم بوگس چیک کے متعدد کیسزمیں ملوث ہے، ضمانت مسترد کی جائے۔ عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد ملزم ملک خالد محمود کی ضمانت منظورکرتے ہوئے ملزم کو دو، دو لاکھ روپے کے دو مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا۔