اختیار ولی خان 66

10 دنوں میں بیرسٹر گوہر نے تین مرتبہ وزیراعظم سے مذاکرات کیلئے منت کی ہے،اختیارولی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے خیبرپختونخوا اختیار ولی نے کہاہے کہ 10 دنوں میں بیرسٹر گوہر نے تین مرتبہ وزیراعظم سے مذاکرات کیلئے منت کی ہے۔

ایک انٹرویو میں اختیار ولی نے کہا کہ قومی اتحاد و یگانگت کیلئے اچکزئی اور کوٹ لکھپت کے قیدیوں سے بھی بات کریں گے، وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ قومی یکجہتی کیلئے کسی سے بھی بات ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی کو بات چیت کا اختیار دینا بانی پی ٹی آئی کا اپنی پارٹی پر عدم اعتماد ہے، بانی پی ٹی آئی کا مقصد پورا ہو جائے گا تو وہ شاید اچکزئی کو ہری جھنڈی دکھا کر نکل جائیں۔

اختیار ولی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں کو استعمال کر کے ڈسٹ بن میں پھینک دیتے ہیں، وزیراعظم نے دو سال میں ساتویں بار اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے بھی شہباز شریف نے انہیں میثاق معیشت کی دعوت دی تھی۔انہوںنے کہاکہ ان کا لہجہ درست ہوا تو یہ مذاکرات انہیں بہت کچھ دے سکتے ہیں، اگر لونڈے لپاڑے والی زبان استعمال کریں گے تو بات بڑھے گی نہیں،

گورنر راج لگانے کے بڑے مواقع آئے لیکن اس کا استعمال نہیں کیا گیا۔اختیار ولی نے کہا کہ ریاست کو بچانے کیلئے اگر اب گورنر راج لگانا پڑا تو یہ آپشن میز پر ہے، ہماری جماعت کے سخت مؤقف رکھنے والوں کو مذاکرات کی بات پسند بھی نہیں، وزیراعظم نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا اور تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو بھی بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت جواب دینا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں