سعودی وزیر خارجہ 228

پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی بہتری کےلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، سعودی وزیر خارجہ

اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں،

پاکستان اور سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرسکتے ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،پاکستانی افرادی قوت کے لئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے جارہے ہیں،سرمایہ کار دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے۔۔

خوشی ہے پاکستان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے ،اتوار کو سرکاری ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران انٹرویو دینے پر خوشی ہو رہی ہے ،دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کی تاریخ میں یہ اہم ترین دورہ ہے۔ سعودی عرب میں بہت سے پاکستانی کام کرتے ہیں ،یہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دورے میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارت کو بڑھانے پر توجہ مرکوز تھی۔

دونوں ملکوں کے ستر سالوں پر محیط تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ سعودی ولی عہد بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اعلیٰ سطحی دوروں کے علاوہ دیگرحکام کی سطح پر بھی دورے ہونگے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی اہم تنظیم ہے ، اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کا کردار اہم ہے ، عالمی برادری کے درمیان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لئے بات چیت کی ضرورت ہے۔ خوشی ہے پاکستان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کے دوران مخصوص پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا، مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے۔

سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے عمل پیرا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے خوش آمدید کہیں گے۔ پاکستانی افرادی قوت کے لئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے جارہے ہیں۔ پاکستانی افرادی قوت کو سعودی قوانین کے تحت سہولیات دے رہے ہیں۔

سرمایہ کار دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خطے کی سیکیورٹی اور خوشحالی کے ویژن کے معترف ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد پاکستان کا دورہ کروں گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں