کامران ٹیسوری

یہ ہماری خوش نصیبی کہ ہم حضرت محمد ۖ کے امتی ہیں۔ گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم حضرت محمد ۖ کے امتی ہیں، پوری امت مسلمہ 1500 واں جشنِ عید میلادالنبی ۖ عقیدت و احترام سے منا رہی ہے، دونوں جہاں کے آقا ۖ سے محبت ہمارے ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے، نبی کریم ۖ کی اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت سنواری جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گارڈن ایسٹ کے رہائشیوں کی جانب سے منعقدہ 1500 ویں جشنِ عید میلادالنبی ۖکی پرنور محفل کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی بھی تھے۔ گورنر سندھ نے جشنِ عید میلادالنبی ۖ پر شاندار چراغاں اور محفلِ میلاد کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد بھی دی۔ گورنر سندھ نے پرچم کشائی کی اور شجرکاری مہم کے تحت یادگاری پودا لگایا۔ سلیم دیوان، آصف گلفام اور دیگر ممتاز شخصیات کو گورنر سندھ کی جانب سے شیلڈز پیش کی گئیں۔