ٹوکیو ( رپورٹنگ آن لائن)ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں شکست کے باوجود پاکستانی قوم کے دل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ یہ اولمپکس میرے لیے سبق تھے اور اگلے اولمپکس میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ میں قوم کو مایوس نہیں کرنا چاہتا ہوں لیکن میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اولمپکس میں پانچویں نمبر تک پہنچایا۔جیولین تھرو کے مقابلے میں پانچویں نمبر پر آنے والے ایتھلیٹ نے اگلے اولمپکس کے لیے زیادہ بہتر تیاری کر کے اچھی کارکردگی کا عزم ظاہر کیا۔اولمپکس فائنل میں اپنی آخری باری کے بارے میں اسٹار ایتھلیٹ نے کہا کہ دراصل مجھے اپنی باری کا وقت شروع ہونے کا پتا نہیں چلا اور اسی وجہ سے شاید اس باری میں بہتر نہیں کر سکا ورنہ کارکردگی بہتر رہتی۔انہوں مکمل سپورٹ کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں قوم کی دعاؤں کی بدولت کوالیفائنگ راؤنڈ سے فائنل تک پہنچا اور فائنل میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔
ارشد ندیم نے کہا کہ اگلے اولمپکس کی تیاری کے لیے میرے پاس تین سے چار سال کا وقت ہے اور یہ اولمپکس میرے لیے سبق تھا، اگلے اولمپکس میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔گولڈ میڈل جیتنے والے بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کے حوالے سے سوال پر پاکستانی ایتھلیٹ نے کہا کہ نیرج نے محنت کی جس کا انہیں پھل ملا ہے، ہم نے بھی محنت کی تھی لیکن اللہ کو یہی منظور تھا تاہم اب اگلے اولمپکس کے لیے بہتر انداز میں تیاری کروں گا۔ارشد ندیم نے اپیل کی کہ اگلے اولمپکس کی تیاریوں کے لیے ان کو بہتر سہولیات فراہم کرتے ہوئے تمام تر انتظامات کیے جائیں تاکہ وہ قوم کو مایوس نہ کریں۔