بیت المقدس

یہودی آباد کار کرونا وائرس کے لاک ڈائون کے باوجود مسجد الاقصی میں داخل

تل ابیب (ر پورٹنگ آن لائن)اسرائیلی حکومت کے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم)میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حال ہی میں نافذ کردہ سخت لاک ڈائون کے باوجود انتہا پسند یہودی آباد کار مسجد الاقصی میں داخل ہوگئے اور انھوں نے وہاں عبادت کی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق انتہا پسند یہودی آباد کار اپنے نئے سال روش ہشنہ(روش ہاشناہ)کے آغاز کے موقع پر مسجد الاقصی کے احاطے میں داخل ہوئے تھے۔اسی احاطے میں گنبدِ صخرہ سمیت چھ مساجد واقع ہیں۔تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او)سے وابستہ فلسطین نیوز اور انفارمیشن ایجنسی نے انھیں مذہبی آباد کار قرار دیا اور کہا کہ وہ اسرائیلی پولیس کی بھاری مسلح نفری ان کی معیت میں مسجد پہنچے اور اسی کے حصار میں انھوں نے مذہبی رسومات ادا کیں اور یہ اشتعال انگیز چکر لگایا ۔

مسلمان مسجدالاقصی کوحرم الشریف (القدس)بھی کہتے ہیں جبکہ یہود کے نزدیک یہ ٹیمپل مائونٹ ہے۔ان کا دعوی ہے کہ قدیم زمانے میں یہاں یہودی معبد تعمیر کیا گیا تھا لیکن وہ دو مرتبہ منہدم ہوا تھا اور اسی جگہ پر بعد میں مسجد الاقصی کو تعمیر کیا گیا تھا۔