لاہور( رپورٹنگ آن لائن )ماہر تعلیم وصدر سرونگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان رضا الرحمن نے کہا ہے کہ یکساں نصاب تعلیم قومی اثاثہ ہے اور موجودہ تعلیمی نظام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ،اسے رول بیک کرنے کافیصلہ کسی طور پر بھی قابل ستائش نہیں ہوگا،بہتری کی گنجائش موجود ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اقدامات کئے جا سکتے ہیں ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ موجودہ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے مشاورت سے اقدامات اٹھائے گی نہ کہ تعلیمی نظام کو تجربات کی بھینٹ چڑھایا جائے گا ۔گزشتہ دو سالوں سے عالمی وبا ء کی وجہ سے ہمارا تعلیمی نظام بری طرح سے متاثر ہوا ہے ۔
روشن مستقبل اور ملک کی ترقی کے لئے معیاری نظام تعلیم کا ہونا بہت ضروری ہے اوریکساں نصاب تعلیم اس میں اہم کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکساں قومی نصاب کورول بیک کرنے کے سوچ کسی طور بھی درست نہیں کیونکہ اسے بہت محنت کے بعد نافذ کیا گیا ہے اور اس کو بناتے وقت تعلیم کے تمام معیار ات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے ،صرف سیاسی مخاصمت کی بنیاد پر تبدیلی تعلیمی نظام کو متاثر کرے گی ،حکومت سے اپیل ہے کہ وہ یکساں قومی نصاب کو مکمل ختم کرنے کی بجائے اسی طرح جاری رکھے اوراگر کہیں تبدیلی نا گزیر ہے تو اس کیلئے مشاورت کو فروغ دیا جائے ۔