لاہور (ر پورٹنگ آن لائن)یو ای ٹی نے ایم ایس سی اور ایم فل ڈگری پروگرام نان سبسڈائزڈ کرنے کافیصلہ کرلیاہے،
نئے فیس سٹرکچر کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے ایم ایس سی اورایم فل کرنے کیلئے طلباء سے ایک
سمسٹرکی فیس ایک لاکھ سولہ ہزار روپے تک وصول کی جائیگی۔ یو ای ٹی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے فیس سٹرکچرکی سفارش کی
تھی جس کی سنڈیکیٹ نے منظوری دیدی۔یونیورسٹی رجسٹرار آفس سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق ایم ایس سی
ایم فل ڈگری کے تین سمسٹرزکی فیس تین لاکھ 9 ہزار روپے وصول کی جائے گی،ڈیپارٹمنٹ طلباء سے حاصل ہونے والی آمدن
کا 50 فیصد یونیورسٹی اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے پابندہوں گے۔ جبکہ ایم ایس سی ایم فل ڈگری پروگرام میں کم سے کم 20
اور زیادہ سے زیادہ 50 طلباء کو داخلہ دیا جائیگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ طلباء کی فیسوں سے حاصل ہونے والی آمدن سے
پروفیسرکو3200 روپے اورایسوسی ایٹ پروفیسرکو2800 روپے فی گھنٹہ معاوضہ دیا جائے گا۔جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرارکو
فی گھنٹہ پڑھانے پر2200 روپے دیے جائیں گے۔یو ای ٹی نان سبسڈائزڈ پروگرام میں داخلوں کیلئے الگ سے اشتہار جاری کرے گی۔