یو ای ٹی لاہور سینڈیکٹ اجلاس 341

یو ای ٹی لاہور سینڈیکٹ اجلاس، نئی تقرریوں، ترقی اور انکوائریز کی منظوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سینڈیکیٹ کے اجلاس میں سلیکشن بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایک پروفیسر، ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر، 11 اسسٹنٹ پروفیسر اور 09 لیکچرارز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں اسسٹنٹ راجسٹرار اور ایڈمن آفیسر کے چار چار اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔ فنانس اور پلاننگ کمیٹی کی سفارشات پر مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کے طلبا و طالبات کیلئے ٹیوشن فیس میں بھی خصوصی رعایت کی منظوری دی گئی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر منصور سرور کی زیر صدارت یو نیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سینیڈیکیٹ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اینٹی ہراسگی ایکٹ پر عملدرآمد، ایک آفیسر کے خلاف پیڈا (پنجاب ایمپلائی ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاونٹیبلٹی ایکٹ) کے تحت شوکاز نوٹس کے اجرا، ناروال کیمپس کے ایک آفیسر جبکہ فیصل آباد کیمپس کے ایک ٹیچر کیخلاف تادیبی کارروائی، چناب کیمپس کے طلباو طالبات کے دیگر کالجز میں ٹرانسفر اور دیگر معاملات زیر غور آئے۔

فنانس اینڈ پلاننگ کمیشن کے سفارشات پر مقامی طلبا و طالبات اور بین الاقوامی خصوصا مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کے طلبا کو ٹیوشن فیس میں خصوصی رعایت دینی کی منظوری بھی دی گئی۔

سینڈیکیٹ نے سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کی فیس میں کمی اور آئی بی اینڈ ایم فیس کو انجینئرنگ ڈگری فیس کے مساوی کرنے کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں اساتذہ کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں تبادلے اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات کیلئے ہوسٹل فیس میں رعایت دینے کی منظوری بھی دی۔

مزید برآں یو ای ٹی لاہور کی سینڈیکیٹ نیایڈمیشن پالیسی 2021 بھی منظور کرلی۔ نئی داخلہ پالیسی کے تحت انڈر گریجوائٹ پروگرامز میں داخلے کیلئے ایف ایس سی کے مکمل نمبرز استعمال ہوں گے۔

ٹائم سکیل اپ گریڈیشن پالیسی اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے ریگولائزیشن ایکٹ کے تحت ضروری کارروائی کی منظوری بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں