اسلام آباد(ر پورٹنگ آن لائن)یوکرین پر روسی حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کے اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں ‘پاکستان میں بھی آئندہ 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9.59 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے بعد پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 9.59 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جس کا اطلاق یکم مارچ 2022 سے ہوگا۔حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12.03 روپے فی لیٹر تک ریکارڈ اضافہ کیا تھا، جس کا اطلاق 16 فروری سے پٹرول کی قیمت 159.86 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر ہے۔
16 فروری کو خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل یومیہ تھی۔یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ہوا جو 2014 کے بعد پہلی بار 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔صنعتی ماہرین کا کہنا تھا کہ روس نے 2014 میں کریمیا کے خلاف اس وقت جارحیت کی تھی جب اس نے پٹرولیم مصنوعات کے ذریعے فنڈز اکٹھے کیے تھے،ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس شیل آئل بھی ہے لیکن یہ مہنگا ہے تاہم امریکا اسے عالمی منڈی میں لانے کی کوشش کر سکتا ہے تاکہ روسی ریونیو کو نقصان پہنچانے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جا سکے