یوکرینی صدر

یوکرینی صدر نے روس کودہشت قراردیدیا،یورپ سے مزیدپابندیوں کا مطالبہ

واشنگٹن /ماسکو /کیف(رپورٹنگ آن لائن)یوکرین کے صدر نے روس کودہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے یورپی یونین سے روس پر مزید پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ یوکرائن کو جدید راکٹ سسٹم فراہم کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق روسی وزارت دفا ع نے ایک بیان میں کہاکہ روس کی جوہری قوتیں ماسکو کے شمال مشرقی ایوانووف کے علاقے میں اپنی مشقیں کر رہی ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے کہاکہ کہ ان مشقوں میں تقریبا ایک ہزار فوجی اور اتنی ہی تعداد میں گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے جوہری مشقیں جاری ہیں۔ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ واشنگٹن اہم اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے یوکرین کو جدید راکٹ سسٹم فراہم کرے گا۔ جدید راکٹ سسٹم ہتھیاروں پر مبنی 700 ملین ڈالر کے امدادی پیکج کا ہی حصہ ہے، اطلاعات کے مطابق اس پیکج میں گولہ بارود، کانٹر فائر ریڈار، فضائی نگرانی کے حامل متعدد ریڈار، چھوٹے قسم کے اینٹی ٹینک میزائل اور اینٹی آرمر ہتھیار بھی شامل ہوں گے۔

واشنگٹن یوکرین کو ہائی موبلٹی آرٹیلری راکٹ سسٹم (ایچ آئی ایم اے آر ایس)اس شرط پر فراہم کر رہا ہے جب کییف نے یہ یقین دہانی کرا دی کہ وہ روس کے اندر حملہ کرنے کے لیے ان میزائلوں کا استعمال نہیں کرے گا۔بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے کہاکہ یوکرین نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ان ہتھیاروں کا استعمال روسی سرزمین پر کسی بھی طرح کے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا، اور اسی یقین دہانی کے بعد انہیں یہ سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔یوکرین کے صدر وولودمیر زیلنسکی نے روس پر عائد کیے جانے والے پابندیوں کے چھٹے پیکج پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا، تاہم انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ چھٹے دور کی شرائط کے نفاذ کے بعد پابندیوں کے ساتویں پیکج کی بھی ضرورت ہو گی۔

ان کا کہنا تھاکہ بالآخر ہونا تو یہی چاہیے کہ آزاد دنیا اور ایک دہشت گرد ریاست کے درمیان کسی قسم کے خاص اقتصادی تعلقات نہیں ہونے چاہیں۔ ہم اس جنگ کے سبب روس کے خلاف نئی پابندیوں پر کام کریں گے۔یوکرین کے صدر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی طرف سے تیل پر عائد جزوی پابندیوں کے سبب روس کو دسیوں ارب یوروکا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی منطق پیش کی کہ مکمل پابندی یورپی یونین کے ممالک کو قابل تجدید توانائیوں کی طرف منتقلی ہونے میں مدد کرے گی۔