یورپی یونین

یوکرائن کی صورتحال کوڈرامائی بنانے کی ضرورت نہیں، یورپی یونین

برسلز ( ر پورٹنگ آن لائن )یورپی یونین، یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں تعینات سفارتی عملے کے خاندانوں کو واپس نہیں بلائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برسلز میں یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے کہا کہ امریکا کی طرح فی الحال ایسا ہرگز نہیں کیا جائے گا کیونکہ ابھی ایسی کوئی خاص وجہ موجود نہیں ہے۔ بوریل کے مطابق روس کے ساتھ مذاکرات کے دوران یوکرائن کی صورتحال کوڈرامائی رنگ دینے کی ضرورت نہیں۔

بوریل نے یہ بات یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات سے قبل کہی ۔ اس اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ویڈیو لنک کے ذریعے گزشتہ ہفتے اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے کی گئی ملاقات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ نے بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم یوکرائن تنازعے کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔