واشنگٹن( رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر جوبائیڈن نیٹو اور اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ فوری نوعیت کی بات چیت کے لیے اس ہفتے یورپ کے دورے پر جا رہے ہیں اس دوران پولینڈ میں بھی رکیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہائو س نے بتایاکہ صدر جوبائیڈن اپنے اس دورے میں پہلے برسلز جائیں گے جس کے بعد ان کی اگلی منزل پولینڈ ہو گی۔یاد رہے کہ امریکی صدر کا یہ دورہ ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب روسی افواج یوکرین کے شہروں پر گولاباری جاری رکھے ہوئے ہے اور تقریبا ایک مہینے سے جاری اس جنگ میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد پھنس کر رہ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پولینڈ یوکرین کا ایک ہمسایہ ملک ہے اور وہ جنگ سے اپنی جانیں بچا کر فرار ہونے والے 20 لاکھ سے زیادہ پناہ گزینوں کو اپنے ہاں پناہ دے چکا ہے۔ پولینڈ ان ملکوں میں شامل ہے جو نیٹو سے مسلسل یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ یوکرین میں خون خرابہ روکنے لیے لیے زیادہ کوشش کرے۔







