ایتھنز ( ر پورٹنگ آن لائن )یونانی پولیس جزیرے لیسبوس کے مہاجر کیمپ میں آگ لگنے کے سبب بے گھر ہونے والے ہزاروں مہاجرین کو ایک نئے رہائشی مرکز میں منتقل کرنے کا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں کہا کہ بے سر و سامانی کے شکار ہزاروں مہاجرین کو منتقل کرنے کے لیے جاری آپریشن میں 70 خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
مہاجرین کی منتقلی کے اس عمل میں شریک پولیس اہلکار کوشش کر رہے ہیں کہ پناہ کے متلاشی مگر بے گھر ہو جانے والے مہاجرین کو کسی طرح لیسبوس جزیرے کے علاقے’ کاراتیپ میں خیموں سے بنائے گئے نئے مہاجر کیمپ میں منتقلی پر آمادہ کر سکیں۔ یہ نیا کیمپ لیسبوس کے صدر مقام میٹیلینی سے تقریبا ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر ‘کاراتیپ نامی علاقے میں قائم کیا گیا ہے۔
کاراتیپ میں پناہ گزینوں کے لیے قائم کی گئی نئی خیمہ بستی کی دیکھ بھال کی ذمہ داری میٹیلینی کی بلدیاتی انتظامیہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر نے سنبھال لی ہے۔ انہیں متعدد سرگرم این جی اوز کا بھرپور تعاون بھی حاصل ہے۔ دریں اثنا جل جانے والے موریا مہاجر کیمپ کے مہاجرین کو کاراتیپ کے خیموں میں منتقل کرنے کا کام جاری ہے اور اب تک اس آپریشن کے دوران کسی تشدد کی اطلاع نہیں ہے۔









