اعظم نذیر تارڑ 88

یوم یکجہتی کشمیر 2026 پر وفاقی وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا پیغام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)یوم یکجہتی کشمیر 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم پاکستان کی کشمیری عوام کے ساتھ پختہ اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور ان کی آزادی، وقار اور انسانی حقوق کے لیے ان کی جائز جدوجہد میں مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے دہائیوں سے ظلم و ناانصافی کا سامنا کیا ہے مگر ان کا حوصلہ اور عزم آج بھی مستحکم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرنے، ان کے حالات اجاگر کرنے اور ایک پرامن و منصفانہ حل کے لیے مستقل کوششیں کر رہا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حقِ خود ارادیت ایک غیر قابلِ تنسیخ بنیادی حق ہے جسے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے، کوئی ظلم یا جبر کسی قوم کی آزادی کی جائز امنگوں کو ہمیشہ کے لیے دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے قیام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیری عوام کے دکھوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

وفاقی وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج ہم کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ، ہر لمحہ اور ہر مرحلے پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، جب تک ان کے حقوق بحال نہیں ہوتے، ان کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی اور انصاف قائم نہیں ہوتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں