عبدالعلیم خان

یوم کشمیر پر عبدالعلیم خان کا کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے یوم کشمیر پر کشمیری قوم سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہرابھرتا سورج مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی امید اور ہرڈوبتا سورج بھارتی تسلط کے زوال کی گواہی دیتا ہے۔

جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر کشمیری آج بھی روز اول کی طرح جذبہ حریت سے سرشار اور برسرپیکار ہیں،ہرابھرتا سورج آزادی کشمیر کی امید جبہ ہرڈوبتا سورج کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کے زوال کی گواہی دیتا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہاکہ نام نہاد سیکولرازم بھارت کے کھوکھلے اورمکارانہ دعوؤں کی داستان کے سوا کچھ نہیں۔صدراستحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی تدبیر آزادی کشمیر کیلئے ناگزیر ہے،بھارت سرکار کی ہٹ دھرمی مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کے متوالوں کے خون سے آلودہ ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں کشمیری قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا بھارت سرکار کی فرسودہ و بیمار سوچ کی عکاسی ہے،آج ساری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔