کامران ٹیسوری

یوم پاکستان: گورنر اور وزیراعلی سندھ کی مزار قائد پر حاضری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر دہشتگردی کیخلاف مل کر لڑنے کا عہد کیا ہے۔

اتوارکویوم پاکستان کے موقع پرگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی۔انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر فاتحہ خوانی کی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، گورنراوروزیراعلی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔ تقریب میں چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالی پاکستان کو رہتی دنیا تک قائم رکھے.

یہ وطن بہت قربانیاں دیکر حاصل کیا گیا، اللہ قائداعظم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام دے، لگتاہے کہ آج ہم پاکستان کی قدر کھوتے جارہے ہیں، اللہ ہم سب میں اتحاد کے ساتھ احساس بھی پیدا کرے۔انہوں نے کہاکہ دشمن تاک میں بیٹھا ہے ، دشمن تخریب کاری اور دہشتگردی میں پیچھے نہیں، جعفرایکسپریس واقعہ پورے پاکستان کے سامنے ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت جال بنا جارہا ہے، دہشتگردی کے تانے بانے ہمسایہ ملک سے ملتے ہیں.

جن کے ساتھ ہماری سرحدیں جڑی ہوئی ہیں وہاں سے بیٹھ کر دہشتگردی کو کنٹرول کیا جارہا ہے، پوری قوم کو دہشتگردی کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ جہاں افواج کمزور نظر آئیں دشمنوں نے ان ممالک کو کہیں کا نہیں چھوڑا، ایراق،لبنان اور فلسطین کی مثالیں دی جاسکتی ہیں، پاکستان نے 90 ہزار سے زائد شہادتیں اور دیگر دہشت گردی کا مقابلہ کیا، آئیں وطن کی ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں، آج 23مارچ کو خوشخبری دیں کہ ہم نے دہشتگردی کیخلاف ایک ہوکر لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم اپنے عظیم رہنمائوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یکجہتی، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا درس دیتا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ سب کو اس ملک میں رہتے ہوئے اس کی خدمت کی توفیق فرمائے، ملک میں آزادی سے رہ تو رہے ہیں، معاشی اور معاشرتی مسائل سے گزر رہے ہیں، دشمن چاہتا ہے ہم سے کوئی ایک غلطی ہو وہ ہمیں معاشی طور پر غیر مستحکم کرسکے۔وزیراعلی سندھ نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شا اللہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کے خلاف ہم سب کو ایک ہونا ضروری ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں گے۔ وزیراعلی نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں تمام مذاہب کے افراد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور سب کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ہم ایک آزاد وطن میں سانس لیتے ہیں اور آزادی سے اپنے مذہبی فرائض انجام دیتے ہیں۔

انہوں نے یومِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی اور خوشحالی کے لیے 23 مارچ 1940 کو قراردادِ پاکستان منظور کی گئی، جو آگے چل کر قیامِ پاکستان کی بنیاد بنی۔ یہ دن تمام پاکستانیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس، قلات، نوشکی، بنوں میں واقعات ہوئے ہیں، قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی کیا گیا، پی ٹی آئی کا قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا افسوس ناک ہے۔

مراد علی شاہ نے کہاکہ پی ٹی آئی دور میں قومی سلامتی کمیٹی کی تین میٹنگز ہوئیں انہوں نے شرکت نہیں کی، ان کے وزیراعظم نے اپنے ہی اجلاسوں میں شرکت کرنا مناسب نہیں سمجھا، آج عالم اسلام کو اکٹھا ہوکرشہید ذوالفقار علی بھٹو جیسی لیڈر شپ دکھانی ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن چھپ چھپ کربزدل لوگوں کے ذریعے حملے کراتا ہے، ان کے پیچھے کون ہے یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، اسلام دشمن عناصر کی طرف سے ایک مہم چلائی جارہی ہے، وزیراعلی سندھ اللہ ہمیں یہ طاقت دے کہ ہم اسلام دشمن عناصر کا مقابلہ کرسکیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم صدر آصف زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں آگے بڑھ رہے ہیں، اس ملک کا ہر ایک شخص چاہتا ہے پاکستان پر کوئی آنچ نہ آئے، ہر شخص ملک کے دفاع کیلئے ہروقت تیار رہے گا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا پیغام دیا۔