لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہمیں ان رہنما اصولوں اور عظیم اہداف کو سر بلند رکھنے کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مسلمانان ہند کو الگ وطن کے حصول کے لئے متحد کیا۔
اپنے پیغام میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ یوم پاکستان پر قائداعظم سمیت تحریک آزادی کے دیگر عظیم قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کے اخلاص، تدبر اور بے مثال قربانیوں سے پاکستان وجود میں آیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو عظیم اور حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہر فرد اور طبقے کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوںنے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاک فوج اورسکیورٹی کے تمام اداروں نے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں،یوم پاکستان ان شہدا ء کی عظمت اور ان کی قربانیوں پر اظہار تشکر کا دن بھی ہے۔