پرنسپل جنرل ہسپتال

یوم پاکستان تجدید عہد کا دن، نئی نسل کو بھرپور آگاہی ہونی چاہیے :پرنسپل جنرل ہسپتال

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان اورمادر وطن کیلئے دی گئی لا زوال قربانیوں سے روشنا س کروانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو ایک آزاد وطن کے طور پر اس ملک کی اہمیت کا اندازہ ہو سکے اور وہ اس کی قدر و قیمت کو پہچان سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 23مارچ کے حوالے سے امیر الدین میڈیکل کالج میں منعقد پر وقار تقریب میں طلبا وسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پروفیسر صاحبان بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ یوم پاکستان درحقیقت تجدید عہد کا دن ہے اور آج ہمیں اپنے اندر وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے متحدہو کر خدمت کرنے کا جذبہ پیداکرنا ہے اور یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اس مقصد کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔پرنسپل نے زو ر دیا کہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اپنے ادارے کے طے شدہ نصاب کے علاوہ طلبا کو تاریخ پاکستان سے بھی روشناس کروائیں تاکہ نوجوان نسل میں جذبہ حب الوطنی کو پروان چڑھایاجا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کی بدولت حاصل کیا گیا جہاں 22کروڑ افراد آزادانہ طور پر زندگی بسر کر رہے ہیں اور انہیں اپنے مذہب کے مطابق مکمل آزادی ہے۔مقررین نے کہا کہ23مارچ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کی جدوجہد کو یاد دلاتا ہے جس میں آزادی کی جنگ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں لڑی اور 23مارچ 1940کو لاہور کے منٹو پارک(مینار پاکستان) میں قرار داد پاکستان پاس ہوئی جس کے نتیجے میں علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر اور بر صغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد سے معرض وجود میں آیا جس کا سہرا قائد اعظم محمد علی جناح کے سر ہے۔پروفیسر الفریدظفر نے کہا کہ نئی نسل کو آج کے دن کی اہمیت کے حوالے سے بھرپور آگاہی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی ہم سب کا نصب العین ہونا چاہیے جس کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ 23مارچ قائد اور اقبال کے خوابوں کو عملی تعبیر دینے کی یاد دلاتا ہے جبکہ اس مقصد کو صحیح معنوں میں حاصل کرنے کے لئے ہمیں ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ ہم اس پیارے وطن کی بہتر سے بہتر خدمت کر سکیں۔