یوم دفاع پاکستان

یوم دفاع پر پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج میں پر وقار تقریب

لاہور(زاہد انجم سے)یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج میں پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں میڈیکل سٹوڈنٹس نے بھرپور شرکت کی اور اس تاریخی دن پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک و قوم کی حفاظت اور وطن عزیز کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرالفرید ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ پاک فوج کی تاریخ بہادری اور شجاعت سے مزئین ہے اور یوم دفاع ہمیں اُس عزم مصمم کی یاد دلاتا ہے جو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں نے اپنے لہوسے رقم کیا۔

انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید سے لے کر اس پاک دھرتی پر قربان ہونے والے ہر افسر اور جوان نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ہی ہماری زندگی ہے جس کے تحفظ کے لئے ہم اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمن سے سینہ سپر ہوں گے۔پروفیسر الفرید ظفر نے امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس کو یاد دلایا کہ جدید اور اعلیٰ تعلیم ہی کسی قوم کے لئے زندگی گزارنے کا با وقار راستہ ہے اور ہمیں ہر تہوار پر اس عزم کا عہد کرنا چاہیے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہم سے جو کچھ ہو سکا ضرور کرتے رہیں گے۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار نے کہا کہ آج سے57برس قبل پاک فوج نے دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہو کر جو داد شجاعت دی ہم سب کو اُس پر فخر ہے اور آج ہم ایک مرتبہ پھر یہ عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی دشمن کو اس مادر وطن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت دیں گے۔ اسی طرح پاکستان کو مزید مستحکم کرنے اور ہر شعبے میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لئے دن رات محنت سے کام کریں گے تاکہ اس ملک کو قائد اور اقبال کے خوابوں کے مطابق تعبیر مل سکے۔انہوں نے کہاکہ خواتین میڈیکل اور دفاع کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں شانہ بشانہ ساتھ ہیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ پاکستان کو اندرون و بیرون طور پرمستحکم کرنے اور ٹیکنالوجی کے حصول میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے کیلئے آگے آنا چاہیے،کیونکہ اس وقت دنیا کے جو ممالک اقتصادی، سائنسی اور دفاعی لحاظ سے قرہ ارض پر رول کر رہے ہیں انہوں نے حصول تعلیم اور جدید سائنس کی ریسرچ پر اپنی توانائیاں خرچ کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے، ہمیں بھی چاہیے کہ پاکستان کو ہر لحاظ سے ایک طاقتور، مستحکم ملک بنانے کیلئے ایجوکیش و ریسرچ پرتوجہ دیں تاکہ بین الاقوامی برادری میں وطن عزیزی کو با وقار مقام دلا سکیں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے یوم دفاع کے موقع پر میڈیکل سٹوڈنٹس کی طرف سے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوتھ ہمارا اصل سرمایہ ہے اور نوجوان نسل کی ملکی دفاع کے حوالے دلچسپی بلا شبہ لائق تحسین ہے۔