اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عوام سمیت تمام پاکستانیوں کو یوم ثقافتِ سندھ کی مبارکباد دی ہے۔ یوم ثقافت سندھ پر پیغام دیتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ دن وادیِ مہران کی بھرپورثقافتی ورثہ، شاندار روایات اور لازوال اقدار کا مظہر ہے، یوم ثقافت سندھ کے لازوال لیگیسی، ہم آہنگی، رواداری اور شمولیت کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ صوفی بزرگوں کی سرزمین ہے، جو صدیوں سے امن، بقائے باہمی اور محبت کا روشنی کا مینار رہی ہے، سندھ کا اتحاد و بھائے چارے کا پیغام نسل در نسل دلوں کو متاثر کرتا آیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اجرک اور سندھی ٹوپی محض ثقافتی اسباب نہیں بلکہ سندھ کی شناخت اور اقدار کے مظہر ہیں، اجرک اور سندھی ٹوپی ہمارے لیےاحترام، وقار اور فخر کی علامت ہیں۔انکا کہنا تھا کہ سندھ کی ثقافت کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کی لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، سندھی ثقافت پاکستان کی متنوع اور رنگین ثقافتی وراثت کا ایک لازمی حصہ ہے۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام آج کا دن شاہ بھٹائی، سچل اور قلندر جیسے عظیم صوفی بزرگوں کی تعلیمات کو اپنانے کے عہد کے طور پر منائیں، بھٹائی، سچل اور قلندر کے محبت، انسانیت اور امن کے پیغامات سندھ کی شناخت کی روح ہیں، پیپلز پارٹی سندھ کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اس کی روایات کو جدید دور سے ہم آہنگ رکھنے کے لے پرعزم ہے۔