یوسف رضا گیلانی

یوم تکبیر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ یوم تکبیر قوم کے عزم، استقلال اور دفاع وطن کے ناقابلِ تسخیر جذبے کا مظہر ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے اپنی سلامتی کے تحفظ کیلئے جرات مندانہ فیصلہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت بن کر امتِ مسلمہ کا پہلا ایٹمی ملک بن گیا، 28 مئی 1998 پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔یہ دن ہمیں اُن عظیم رہنماؤں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی، اس تاریخی سفرکا آغاز بانی ایٹمی پروگرام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تکبیرہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 27 برس بیت گئے، آج سے 27سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی جسے یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔