یوسف رضا گیلانی

یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ، پاکستان ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن ہے، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے،پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔

جمعہ کویوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ یہ دن مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتے آئے ہیں اور اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔

انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا اور ان کے ساتھ ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے امت مسلمہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ ان کو حق خودارادیت حاصل ہو سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات سے باز رکھنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اختیار کریں اور فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔