کامران ٹیسوری

یومِ دفاع اور بارہ ربیع الاول کے موقع پر گورنر سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری، شہداء کو خراجِ عقیدت اور قومی یکجہتی کا پیغام

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ہماری افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں گورنر سندھ نے یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔ اس موقع پر قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی اور ایم کیو ایم کے ارکانِ اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں معرکہ حق کے بعد معرکہ معیشت کا سامنا ہے، گورنر سندھ نے بھارتی سرکار کی آبی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم باہمت اور حوصلہ مند ہے، بھارت ہماری ترقی نہیں چاہتا، مگر وہ ہمارے حوصلے کو پست نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئی ٹی سمیت ہر میدان میں بھارت کو شکست دے گا۔ آپریشن بنیان المرصوص میں افواجِ پاکستان کے ساتھ میڈیا نے بھی شاندار کردار ادا کیا۔ اللہ پاکستان کو سلامت رکھے اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

گورنر سندھ نے افواجِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، اور ہم شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ بارہ ربیع الاول کے بابرکت دن کی مناسبت سے گورنر سندھ نے کہا کہ نواسہ رسول ۖ نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے شہادتیں دیں، حضرت علی نے حق و صداقت کی راہ میں جان قربان کی۔

پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، اور ہمیں اسے معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔گورنر سندھ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت ون ونڈو آپریشن کامیابی سے جاری ہے، اور پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ گورنر سندھ نے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے والے ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔