سید یوسف رضا گیلانی 47

یوسف رضا گیلانی کی ملتان ڈسٹرکٹ بار کے وفد سے ملاقات،مختلف امور پر گفتگو

ملتان(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے نو منتخب عہدیداران کے وفد نے صدر سیدہ بشریٰ نقوی اور جنرل سیکرٹری ملک سعادت حسین کی قیادت میں ملاقات کی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بالخصوص سیدہ بشریٰ نقوی کو ملتان ڈسٹرکٹ بار کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ بشریٰ نقوی کا بطور پہلی خاتون صدر منتخب ہونا نہ صرف ملتان بلکہ پورے خطے کی وکالت برادری کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان خوشگوار تعلقات انصاف کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ملتان ڈسٹرکٹ بار کا کردار قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان ڈسٹرکٹ بار ایک تاریخی اور باوقار ادارہ ہے جو مسائل کے حل کے لیے آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرتا ہے، اور وہ وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر وفد نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو ملتان ڈسٹرکٹ بار آنے اور وکلاء سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلد ملتان ڈسٹرکٹ بار کا دورہ کریں گے، وکلاء سے خطاب کریں گے اور بار کے لیے فنڈنگ کے حصول کے لیے بھی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ملاقات میں نائب صدر چوہدری محمد نعیم، جوائنٹ سیکرٹری نگینہ مظفر ہراج، فنانس سیکرٹری رؤوف احمد خان، لائبریری سیکرٹری عمارہ طاہر بلوچ، آڈیٹر جہانزیب سیال، رہنما پی ایل ایف نشید عارف گوندل، رانا جاوید اختر، زوار قریشی، احد گوندل، ممبران ایگزیکٹو محمد شان سہو، ذوالفقار علی شاہ، ندیم الدین قریشی، عدیل احمد خالد، چوہدری محمد احسن بھٹی، محمد مدثر حسن، ملک منیر احمد اور اسسٹنٹ اٹارنی فردوس جمال بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں