سید یوسف رضا گیلانی 41

یوسف رضا گیلانی کا گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے سے شہید ہونیوالے پاک فوج کے اہلکاروں کو خراج عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گلگت بلتستان کے برزل پاس میں برفانی تودے گرنے کے المناک واقعے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن اصمد گلفام، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ برفانی تودوں کے گرنے کا یہ افسوسناک واقعہ پوری قوم کے لیے گہرے رنج اور صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن اصمد گلفام، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ کی شہادت جرات، فرض شناسی اور قومی خدمت کی ایک روشن مثال ہے جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شدید موسمی حالات میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی جانفشانی قوم کے حوصلے بلند کرتی ہے، پاک فوج کے ان بہادر سپوتوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز اور عوام کی خدمت کی اعلیٰ روایت قائم کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ برزل پاس میں شہید ہونے والے جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان ہر قسم کے مشکل حالات میں قوم کی حفاظت اور خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے اور ان کے صبر، حوصلے اور استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قوم پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں